ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / "اندھا دھند گرفتاریوں اور ضمانت حاصل کرنے میں تاخیر" پر چیف جسٹس نے کیا تشویش کا اظہار؛ مسئلہ پر فوری توجہ دینے کی ضرورت پر دیا زور

"اندھا دھند گرفتاریوں اور ضمانت حاصل کرنے میں تاخیر" پر چیف جسٹس نے کیا تشویش کا اظہار؛ مسئلہ پر فوری توجہ دینے کی ضرورت پر دیا زور

Sun, 17 Jul 2022 02:27:33    S.O. News Service

نئی دہلی 16 جولائی (ایس او نیوز/این ڈی ٹی وی ) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا نے جلد بازی اور اندھا دھند گرفتاریوں اور مجرموں کو ضمانت حاصل کرنے میں تاخیر پر سخت اعتراض  جتاتے ہوئے کہا ہے  کہ آج جو صورتحال ہے اس میں ہمارے کریمنل جسٹس سسٹم کا عمل ہی سزا بن  کر رہ گیا ہے۔ سی جے آئی این وی رمنا نے یہ باتیں جے پور میں منعقدہ 18ویں لیگل سروسز اتھارٹی آف انڈیا کی میٹنگ میں کہیں جس میں  مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو، ​​سپریم کورٹ کے دیگر سینئر جج اور راجستھان ہائی کورٹ کے جج بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس نے  زیر سماعت قیدیوں کو طویل عرصے تک جیل میں رکھنے کے معاملے پر فوری توجہ دینے کی ضرورت زور دیتے ہوئے کہا کہ  ہمیں فوجداری انصاف کی انتظامیہ کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ایک جامع منصوبہ ترتیب دینے  کی  ضرورت ہے۔

سی جے آئی رمنا  نے کہا کہ پولیس کی تربیت، حساسیت اور جیلوں کے نظام کو جدید بنانا فوجداری انصاف کی انتظامیہ میں اصلاحات کا ایک پہلو ہے۔  مزید  کہا کہ پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے اپوزیشن  کے لئے بھی ضروری ہوتا ہے کہ وہ  ان باتوں کا مطالبہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ   ہمارے پاس حکومت کی ایک شکل ہے جہاں ایگزیکٹو، سیاسی اور پارلیمانی دونوں، مقننہ کے سامنے جوابدہ ہے۔ احتساب جمہوریت کا بنیادی اصول ہے۔انہوں نے آگے کہا  کہ میں نے متعدد مواقع پر پارلیمانی مباحثوں اور پارلیمانی کمیٹیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔  درحقیقت میں قانون سازی کی بحثوں کا منتظر رہتا تھا۔ اس وقت خاص بات یہ تھی کہ قائد حزب اختلاف اہم کردار ادا کرتے تھے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بہت زیادہ باہمی احترام ہوا کرتا تھا۔ بدقسمتی سے اپوزیشن کا دائرہ اب  سکڑتا جا رہا ہے۔

سی جے آئی کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ملک میں محمد زبیر اور گجرات کے لیڈر جگنیش میوانی کی گرفتاری کو لے کر کافی تنازعہ پیدا  ہوا ہے۔حالانکہ ان کا ریمارک سامنے آنے سے کچھ روز پہلے ہی   سپریم کورٹ نے    مرکز سے کہا تھا کہ وہ قیدیوں کی جلد رہائی کو ہموار کرنے کے لیے 'بیل ایکٹ' بنانے پر غور کرے۔


Share: